Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی کی سڑکوں کی نئی پہچان — ماڈل روڈز کا آغاز

اسسٹنٹ کمشنر جنرل ہاظم بنگوار عبداللہ ہارون روڈ پر ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لے رہے ہیں
کراچی کی سڑکوں کی نئی پہچان — ماڈل روڈز کا آغاز

کراچی جو پاکستان کا سب سے بڑا اور معاشی طور پر اہم ترین شہر ہے، دنیا کے ان شہروں میں شمار ہوتا ہے جہاں آبادی کا دباؤ اور ٹریفک کا بوجھ روزمرہ کا معمول ہے۔ لیکن بدقسمتی سے، یہ شہر انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کے لحاظ سے ابھی تک ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل نہیں ہو سکا۔ تاہم، اب وقت بدلنے کو ہے — کراچی میں “ماڈل روڈز” کے منصوبے کا آغاز ہو چکا ہے، جو شہری سہولیات، نظم و ضبط، اور ماحول دوست اقدامات کی نئی مثال قائم کرے گا۔

ماڈل روڈ کیوں ضروری؟

دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں ایسی سڑکیں موجود ہیں جو نہ صرف ہموار اور کشادہ ہوتی ہیں بلکہ وہاں پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور گاڑیوں کے لیے الگ الگ سہولیات میسر ہوتی ہیں۔ ٹریفک کا نظم و ضبط، مناسب پارکنگ، سرسبز گرین بیلٹس اور جدید انفراسٹرکچر شہری زندگی کو آسان بناتے ہیں۔ کراچی میں “ماڈل روڈز” کا منصوبہ انہی خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کا حسن نکھرے اور شہریوں کی روزمرہ زندگی بہتر بنائی جا سکے۔

کراچی کا پہلا ماڈل روڈ

ماڈل روڈز منصوبے کے تحت پہلا انتخاب “عبداللہ ہارون روڈ” کا کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بے سبب نہیں، کیونکہ یہ سڑک شہر کے دل میں واقع ہے اور اس کے اطراف اہم سرکاری دفاتر، تجارتی مراکز، اور عوامی آمد و رفت کے مقامات موجود ہیں۔ اس سڑک کی بہتری کا براہ راست اثر ہزاروں شہریوں کی روزمرہ زندگی پر پڑے گا۔

اس اہم منصوبے کی نگرانی کراچی کے متحرک اسسٹنٹ کمشنر جنرل، ہاظم بنگوار کر رہے ہیں،

منصوبے میں کیا شامل ہے ؟

ہاظم بنگوار نے “ٹائمز آف کراچی” سے گفتگو کرتے ہوئے ماڈل روڈ کے خدوخال پر روشنی ڈالی:

  • کام کا وقت: شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانے کے لیے تعمیراتی کام رات کے اوقات اور اتوار کے دن انجام دیا جائے گا۔
  • پارکنگ کا نظام: سڑک کنارے پارکنگ کو منظم اور باقاعدہ نظام کے تحت ریگولیٹ کیا جائے گا۔
  • گرین بیلٹس کی بحالی: گرین بیلٹس کو دوبارہ زندہ کیا جائے گا جہاں خاص پلانٹیشن کے ذریعے نیچرل ہیٹ کیمپ بنائے جائیں گے۔ ماہرین زراعت اس عمل میں رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ پودوں کی پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔
  • فٹ پاتھ اور کراسنگز: پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے فٹ پاتھوں اور کراسنگز کی بہتری پر بھی کام جاری ہے۔

منصوبے کی تکمیل

ہاظم بنگوار کے مطابق، یہ منصوبہ جون کے وسط تک مکمل ہو جائے گا اور عبداللہ ہارون روڈ کو شہر کی پہلی ماڈل روڈ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سڑک کی کامیابی کے بعد شہر کی مزید سڑکوں کو بھی ماڈل روڈز میں بدلا جائے گا، جن کے نام ابھی ایک “سرپرائز” ہیں۔

ماڈل روڈز نہ صرف شہریوں کے لیے آسانی پیدا کریں گی بلکہ کراچی کی مجموعی خوبصورتی اور ماحول پر بھی مثبت اثر ڈالیں گی۔ یہ منصوبہ صرف ایک سڑک کی بہتری کا نہیں بلکہ پورے شہر کی ذہنیت بدلنے کا آغاز ہے — جہاں صفائی، نظم، سہولت، اور ماحول دوست ترقی کو اہمیت دی جائے گی۔

Share this news
The views expressed in this article are those of the author and do not necessarily represent the editorial stance of Times of Karachi.
ٹائمز آف کراچی کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button