کراچی میں کیٹل فارم میں ڈکیتی کی بڑی واردات میں 10 سے زائد ڈاکو باڑے سے لاکھوں مالیت کے مویشی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں مویشی چھیننے کی وارداتیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ کراچی میں نیشنل ہائی وے کاٹھوڑ کے قریب ڈاکوؤں نے کیٹل فارم پر دھاوا بول دیا اور 13 بیل اور بچھیا چھین کر فرار ہوگئے۔
کیٹل فارم انتظامیہ نے بتایا کہ رات 2 سے 4 کے درمیان 10سےزائدڈاکوؤں نےواردات کی، ڈاکووں کا گروہ ٹرک بھی ساتھ لایاہواتھا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چھینےگئےمویشی کی مالیت 30 سے 40 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں ہیں اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں:کراچی مویشی منڈی ، گاڑیوں کے خصوصی پاس کیسے حاصل کریں ؟
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی اور پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کر لی تھی ، جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہری ٹرک میں 3 مویشی لاد کر اورنگی ٹاوٴن کی جانب جا رہا تھا، جب راستے میں ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور کو ٹرک سے اتار کر اپنی کار میں سوار کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو جانوروں سے بھرا ٹرک خود لے کر روانہ ہو گئے، اور کچھ فاصلے پر جا کر ٹرک ڈرائیور کو اتار کر ڈاکو فرار ہو گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے مل گیا ہے۔