Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

اربعین اورمحرم کے دوران پاک ایران بارڈر زائرین کیلئے24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

Pak iran Border

پاکستان اور ایران نے زائرین کی سہولت کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے پاک ایران بارڈر کو محرم اور اربعین کے دوران 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ زائرین کی آسان اور محفوظ آمدورفت کے لیے نہ صرف بارڈر کھلا رکھا جائے گا بلکہ زائرین کو ایران میں قیام، طعام اور سفری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت 5 ہزار پاکستانی زائرین کے لیے مشہد میں قیام و طعام کا بندوبست کرے گی، جبکہ بارڈر سے عراق تک خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

زائرین کی فوری رہنمائی اور مسائل کے حل کے لیے ایک ہاٹ لائن کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جو دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام کے درمیان براہ راست رابطے کو ممکن بنائے گی۔ اس کے علاوہ مشہد میں زائرین کے معاملات پر پاکستان، ایران اور عراق کی وزارت داخلہ کے درمیان سہ ملکی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں؛ پاکستان امن کی خاطر بھارت سے بات چیت کیلیے تیار ہے، وزیراعظم

زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا اور اس کے لیے جلد ایک مکمل لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے بحری راستے سے زائرین کی ایران و عراق روانگی کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔

غیر قانونی امیگریشن اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر بات چیت

ملاقات میں صرف مذہبی زائرین کے امور ہی نہیں بلکہ دوطرفہ تعلقات، غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، اور منشیات کے خلاف تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی ایران کے لیے بھی اہم ہے، اور زائرین کی خدمت کو وہ اپنا مذہبی فرض سمجھتے ہیں۔

اس موقع پر غیر دانستہ طور پر پاکستانی بحری حدود میں داخل ہونے والے ایرانی ماہی گیروں کی رہائی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button