امریکا نے اسمگل شدہ قدیم پاکستانی نوادرات حکومتِ پاکستان کو واپس کر دیے۔ حکومت پاکستان کے حوالے کئے گئے نوادرات کی مالیت 23 ملین ڈالرہے۔ اس موقع پر نیویارک میں مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں برآمد شدہ بعض نوادرات کی نمائش بھی کی گئی۔
تقریب میں نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستان کی جانب سے نوادرات وصول کیے۔ انہوں نے مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی دفتر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ نوادرات پاکستان کے مختلف عجائب گھروں میں رکھے جائیں گے تاکہ دنیا پاکستان کی عظیم تاریخی وراثت سے آگاہ ہو سکے۔
اس موقع پر قونصل جنرل نے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی میتھیو بوگڈانوس کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے۔ بوگڈانوس نے اس موقع پر کہا کہ وہ پاکستان کو اس کے 5000 سال پرانے ثقافتی ورثے کی قیمتی اشیاء واپس دے کر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کوششوں کی علامت ہے۔