سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے اچھی خبر ہسامنے آگئی ہے، غیر ملکی ایجنسی کی جانب سے ملنے والی رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی ترقی کے لیے استعمال ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی ایجنسی برائے ترقی و تعاون سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 40 لاکھ یورو فراہم کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق یہ رقم سندھ میں سیلاب سے تباہ خاندانوں کی فلاح کے لیے استعمال ہوگی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم کا مقصد متاثرین کو خشک سالی اور ہیٹ ویوز کا سب سے زیادہ شکار افراد کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ رقم سے 36 ماہ میں متاثرہ اضلاع میں ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب میں معاونت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:سندھ میں طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش سے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی
اس سلسلے میں ایف اے او اور سی ای ایس وی آئی کے نمائندوں نے معاہدے پر باضابطہ دستخط کردیے ہیں۔ اس موقع پر اطالوی سفیر ماریلینا ارمیلین بھی موجود تھیں۔ اطالوی سفیر ماریلینا ارمیلین نے بتایا کہ یہ رقم موسمیاتی آفات کے خطرے میں کمی کے لیے پاکستان کی معاونت کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 2022 میں آنے والا سیلاب تاریخ کے چند تباہ کن سیلابوں میں سے ایک تھا، جس نے ایک تہائی ملک کو پانی برد کر دیا تھا، تاہم سب سے زیادہ تباہی صوبہ سندھ میں ہوئی تھی۔ اس سیلاب میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع، ہزاروں کچے و پکے مکانات تباہ، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ اور معاشی طور پر اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔