محکمہ تعلیم سندھ نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں سالانہ گرمیوں کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی 2025 تک ہی ہوں گی۔ اس حوالے سے قبل از وقت تعطیلات کی خبریں محض افواہیں ہیں۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی ہر سال تعلیمی شیڈول کا آغاز میں ہی فیصلہ کرتی ہے، اور اسی کے مطابق تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اپنی سرگرمیاں ترتیب دیتے ہیں۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کے ترجمان نے بھی ان اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ 2025 کے تعلیمی سال میں موسم گرما کی تعطیلات 1 جون سے 31 جولائی تک ہوں گی، اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کچھ نجی اسکولوں کی جانب سے قبل از وقت چھٹیوں کی باتیں زیر گردش ہیں، تاہم محکمہ تعلیم ان افواہوں کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ فیصلے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر یکساں ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں شدید گرمی کے باعث وہاں کی حکومت نے اسکولوں میں تعطیلات قبل از وقت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد سندھ میں بھی ایسی خبریں سامنے آئیں، مگر محکمہ تعلیم سندھ نے صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔
