کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ تیز بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ٹھٹھہ، مٹھی، گھوٹکی ، خیر پور، سکھر، کشمور، شکار پور، جیکب آباد، دادو اور شہید بینظیر آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں آج سے مون سون کا تیسرا اسپیل برسے کیلئے تیار
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، سرگودھا، خوشاب، جہلم، گوجرنوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، قصور اور گرد و نواح میں بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔