سال 2024ء میں سندھ پبلک سروس کمیشن (SPSC) کے تحت مختلف شعبوں کے مجموعی طور پر 109 تحریری امتحانات میں 381960 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 26722 امیدوار کامیاب قرار ہوئے، ان میں سے 25921 کے انٹرویوزنتیجے میں 6077 امیدواروں کی مختلف سرکاری محکموں میں تقرری کے لئے سفارش کی گئی۔ یہ بات چیئرمین SPSC نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کی گئی اپنی سالانہ رپورٹ برائے 2024ء میں بتائی۔
چیئرمین نے بتایاکہ سال 2024ء کا ایک بڑا سنگ میل حیدرآباد ہیڈ آفس میں جدید کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ (CBT) لیب کا افتتاح تھا۔ یہ سہولت بھرتی کے عمل کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے جس میں ریئل ٹائم ٹیسٹ ڈلیوری، فوری نتائج کی فراہمی، سوالناموں کی رینڈم جنریشن اور جدید مانیٹرنگ سسٹم شامل ہیں۔ یہ لیب ایک محفوظ اور کنٹرول ماحول فراہم کرتی ہے جو غلطیوں اور بدعنوانی کے امکانات کو کم سے کم کرتی ہے۔ SPSC حکام کا ماننا ہے کہ یہ ڈیجیٹل تبدیلی نہ صرف عمل کو تیز اور مؤثر بناتی ہے بلکہ شفافیت اور مساوی مواقع کو یقینی بناتی ہے۔
کمیشن، سندھ پبلک سروس کمیشن ایکٹ 2022ء کے تحت کام کر رہا ہے جو صوبائی اسمبلی کی منظور کردہ ایک قانون سازی ہے جس کا مقصد بھرتی کے عمل میں شفافیت، جوابدہی اور میرٹ کو فروغ دینا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت کمیشن نے مختلف سرکاری محکموں کی بھرتی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف اشتہارات اور سلیکشن ایکسرسائزز کیں۔
مزید پڑھیں:انٹرمیڈیٹ آرٹس پرائیویٹ گروپ کے نتائج کا اعلان، تینوں پوزیشن طالبات نے حاصل کیں
سال 2024ء میں ہوم ڈپارٹمنٹ نے 1821 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی اسامیاں نکالیں جن کے لیے 32893 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے 1414 اسامیاں مشتہر کیں، جن میں تقریباً 1300 میڈیکل اور ویمن میڈیکل آفیسرز کی آسامیاں شامل تھیں اور 17236 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اسی طرح ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے 753 اسامیاں مشتہر کیں، جن کے لیے 60323 امیدواروں نے درخواست دی۔
ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں لیکچررز (BPS-17) کی 1622 اسامیوں کے لیے [number_2] درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 6488 امیدوار تحریری امتحانات میں کامیاب ہوئے، 6293 انٹرویوز تک پہنچے اور 1519 امیدوار تقرری کے لیے سفارش ہوئے۔ اسی محکمے میں اسٹاف نرس (BPS-16) کی 324 اسامیوں پر 315 امیدواروں نے درخواست دی، جن میں سے 272 انٹرویوز تک پہنچے اور 260 امیدوار منتخب ہوئے۔ سینئر نرس (BPS-17) کی 154 اسامیوں کے لیے 4573 درخواستیں آئیں، 528 نے تحریری امتحان پاس کیا، 454 نے انٹرویوز دیے اور 150 امیدوار منتخب ہوئے۔
میڈیکل/ویمن میڈیکل آفیسر (کووڈ سوٹ ایبلٹی) کی 822 اسامیوں کے لیے 808 درخواستیں آئیں، 598 امیدواروں نے انٹرویوز دیے اور 560 منتخب ہوئے۔ ویمن میڈیکل آفیسر کی 350 اسامیوں کے لیے 7713 درخواستیں موصول ہوئیں، 1159 نے امتحان پاس کیا، 1061 انٹرویوز تک پہنچے اور 344 امیدوار تقرری کے لیے سفارش ہوئے۔
مقامی حکومت کے محکمے میں ٹاؤن آفیسر (BPS-16) کی 698 اسامیوں کے لیے 88543 درخواستیں آئیں، اور آخرکار 640 امیدوار منتخب ہوئے۔ اکاؤنٹس آفیسر (BPS-17) کی 101 اسامیوں کے لیے 10913 درخواستیں موصول ہوئیں اور 101 امیدوار منتخب کیے گئے۔ اسی طرح اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر (BPS-17) کی 240 اسامیوں کے لیے 5913 درخواستیں آئیں اور 160 امیدوار سفارش ہوئے۔
ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ (BPS-17) کی 280 اسامیوں کے لیے 14513 درخواستیں آئیں اور 465 امیدوار منتخب ہوئے۔ ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریسز کی 364 اسامیوں کے لیے 7634 درخواستیں آئیں اور 200 امیدوار تقرری کے لیے سفارش ہوئے۔ لائیوسٹاک ڈپارٹمنٹ میں ویٹرنری/ریسرچ آفیسر (BPS-17) کی 242 اسامیوں کے لیے 7489 درخواستیں موصول ہوئیں اور 200 امیدوار منتخب ہوئے۔
جولائی 2022 سے 2025 تک SPSC نے 18560 امیدواروں کو مختلف سرکاری محکموں میں تقرری کے لیے سفارش کیا۔ ان میں 2022 میں 1282، 2023 میں 5572، 2024 میں 6077 اور 2025 کے لیے 5629 امیدواروں کی سفارش کی گئی۔
ڈیجیٹل جدت اور میرٹ پر مبنی عمل کے ذریعے SPSC سندھ کے ہونہار اور پرعزم نوجوانوں کے لیے شفافیت، اعتبار اور مساوی مواقع کے اپنے عزم کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔