کراچی میں بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج وقفے وقفے سے بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہے گا، شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں تاہم کم رفتار سے چل رہی ہیں، جنوب مغرب سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 10جولائی تک پنجاب، خیبر پختون خوا، کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں آج موسم جزوی ابر آلود، کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان
پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے۔ نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ 6 سے 8 جولائی کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس سسٹم سے کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کے پی اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا میں سیلاب کا خدشہ ہے۔