امریکی قونصل خانے نے ویزا کی جانچ پڑتال کے لئے ایف ، ایم یا جے نان امیگرنٹ ویزا کے تمام درخواست گزاروں کو اپنےسوشل میڈیا اکاونٹس پبلک کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چند روز قبل اسٹوڈنٹ ویزا اپائنٹمنٹس دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا تھا ۔ تاہم اس فیصلے کو بھی درخواست گزاروں کےسوشل میڈیا اکاونٹ کو پبلک کرنے سے مشروط کیا گیا تھا ، حکام کےمطابق اس کا مقصد ایسے درخواست گزاروں کی نشاندہی کرنا ہے جو امریکہ کےلئےجارہانہ یا غیر مناسب رو یہ اور سوچ رکھتے ہوں ۔
ڈان نیوز کےمطابق امریکی قونصل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹوڈنٹ اور ایکسچینج وزیٹر درخواست گزاروں کی مکمل اور تفصیلی جانچ پڑتال کریں تاکہ ایسے افراد کی نشاندہی کی جا سکے جو امریکی شہریوں، ثقافت، حکومت، اداروں یا بنیادی اصولوں کے بارے میں دشمنی کے خیالات رکھتے ہوں۔
امریکی قونصل خانے کی انسٹا گرام پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ 2019 سے امریکی ویزا کے درخواست گزار سے بھی سوشل میڈیا پر شناختی تفصیلات طلب کی جارہی ہیں لہذا انہیں ہر پلیٹ فارم کے لیے سوشل میڈیا آئی ڈیز اور اکاؤنٹ ہینڈل فراہم کرنے ہوں گے۔
قونصل خانے نے خبردار کیا ہے کہ اپنی درخواست میں سوشل میڈیا کی معلومات چھپانا ویزا ریجیکشن اور مستقبل میں امریکی ویزا کے لیے نااہلی کا باعث بن سکتا ہے۔
ایف اور ایم مختلف اسٹوڈنٹ ویزا اقسام ہیں، جبکہ جے کیٹیگری ویزا امریکہ میں ایکسچینج وزیٹر پروگرامز میں حصہ لینے کے لیے دیا جاتا ہے۔