پاکستان کے بیشتر شہروں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گندم کی قیمتوں میں اوسط 1 سے 22 فیصد تک نمایاں کمی، جبکہ بلوچستان اور سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 1 سے 9 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب کے سوا باقی صوبوں میں انتظامیہ حکومتی نرخوں پر گندم کی فروخت میں ناکام رہی ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان کے 4 اور 11 ستمبر 2025ء کے اعداد و شمار کے مطابق، گندم کی اوسط قیمت میں سب سے زیادہ کمی صوبہ پنجاب کے مختلف شہر میں 9 سے 22 فیصد تک آئی ہے، جبکہ سب سے کم اضافہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک میں گندم کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اس تناسب سے کمی نہیں آئی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب، عظمیٰ بخاری نے گزشتہ ہفتے میں واضح کردیا تھاکہ سیلاب کی آڑ میں قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرکاری نرخوں پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائےگا، پنجاب حکومت کے اقدام عمل نظر آیا ہے۔ پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیاکہ صوبے میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے (90.5 روپے فی کلو)، جبکہ روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کی ہے۔ ادارہ شماریات کی 11 ستمبر کی ہفتہ واری رپورٹ کے مطابق، پنجاب کے بیشتر شہروں پر حکومتی نرخوں پر عمل ہوا ہے، تاہم راولپنڈی میں 9 فیصد کمی کے باوجود یہ 20 کلو کا تھیلے کی قیمت اوسط 2160 روپے (108 روپے فی کلو)رہی، جو سرکاری نرخ کے مقابلے میں تقریباً 19 روپے فی کلو زیادہ ہے ۔ اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت پنجاب کی مقرر کردہ سرکاری قیمتوں پر گندم کی فروخت یقینی بنائی گئی ہے۔
سندھ کے مشیر برائے خوراک، عبدالجبار خان نے گزشتہ ہفتے میں واضح کیا تھا کہ سندھ میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے اور صوبے میں گندم کی وافر مقدار موجود ہے۔ حکومت کی جانب سے 20 کلوگرام آٹے کی قیمت 1880 روپے (94 روپے فی کلو) مقرر کی گئی ہے۔ تاہم، ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق، صوبہ سندھ میں 20 کلو گندم کی کم سے کم قیمت سکھر میں 2160 روپے (108 روپے فی کلو) ہے، جبکہ حیدرآباد میں یہ 2343 روپے (117 روپے فی کلو) رہی ۔ اس طرح حکومتی نرخوں کے مقابلے میں 10 سے 15 فیصد زائد قیمت پر سندھ میں گندم فروخت ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ تین ہفتوں میں خیبر پختونخوا میں گندم کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم حالیہ ہفتے میں گندم کی قیمتوں میں 5 سے 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔ ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق، صوبہ خیبر پختونخوا میں 20 کلوگرام گندم کی قیمت 2200 روپے (110 روپے فی کلو) سے 2400 روپے (120 روپے) تک رہی ہے۔
صوبہ پنجاب کی جانب سے سپلائی پر پابندی عائد کرنے کے بعد، صوبہ بلوچستان میں گندم کی قیمتوں میں اضافہ حالیہ ہفتے میں بھی جاری رہا، خضدار میں 9 فیصد اور کوئٹہ میں 3 فیصد اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے میں کوئٹہ میں 20 کلوگرام گندم کی قیمت 2330 روپے (116.5 روپے فی کلو) سے 2350 روپے (117.5 روپے)، جبکہ خضدار میں 2400 روپے (120 روپے فی کلو) تک رہی ہے۔