ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے موٹرسائیکلوں کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہیلمٹ پہنا لازم ہے اور درست ڈرائیونگ لائسنس ہو نا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے ملز، فیکٹریز، انڈسٹریز اور دیگر اداروں کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ یہ ہدایات خاص طور پر موٹرسائیکلوں کے حفاظتی تقاضوں سے متعلق ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا ہےکہ تمام ملازمین کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر موٹرسائیکل پر درست اور قانونی نمبر پلیٹ نصب ہونی چاہیے جبکہ ہیلمٹ پہننا اور درست ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکلوں کی ہیڈ لائٹس، ٹیل لائٹس اور انڈیکیٹرز درست حالت میں ہونے چاہئیں جبکہ چین کور اور سائیڈ مررز کا ہونا بھی ضروری ہے۔ پیر محمد شاہ نے مزید کہا کہ ایس اوز اور ڈی ایس پیز ذاتی طور پر دورے کریں اور ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ حادثات اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جا سکے۔
مزید پڑھیں:اب کراچی میں بھی ٹریفک چالان ہو گا ثبوت کےساتھ
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے کورنگی کراسنگ اور ای بی ایم کازوے بند ہونے پر صورتحال کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ برساتی پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کورنگی کراسنگ اور ای بی ایم کازوے ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
کورنگی کراسنگ اور ای بی ایم کازوے بند ہونے سے قیوم آباد چورنگی اور جام صادق پل پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے، ٹریفک پولیس موقع پر موجود ہے، صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت جاری ہے کہ قیوم آباد، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک مسائل فوری حل کیے جائیں، شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں، رہنمائی کے لئے اضافی نفری تعینات کی جائے۔