کراچی میں ملیر ایکسپریس وے (شاہراہِ بھٹو) کا ایک حصہ31 اگست کو تعمیراتی کام کے باعث بند رہے گا اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا پلان جاری کیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ کورنگی کے مطابق شاہراہِ بھٹو پر قائدآباد انٹرچینج کے مقام پر ڈیک سلیب کی کنکریٹنگ کا کام کیا جائے گا اس تعمیراتی عمل کے سلسلے میں (رمپ-ڈی) کو ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔ حکام کے مطابق شاہراہِ کا یہ حصہ 31 اگست 2025 کو بروز ہفتے کی شب 2 بجے سے اتوار دوپہر 2 بجے تک بند رہے گا۔
متبادل راستہ:
ٹریفک پولیس کے جاری پلان کے مطابق شاہ فیصل انٹر چینج سے قائدآباد تک سڑک کو مکمل بند کیا جائے گا، تعمیرات کے سلسلے میں قیوم آباد سے قائدآباد انٹرچینج کی طرف آنے والی ٹریفک کو شاہ فیصل انٹرچینج سے بند کر کے ریتا پلاٹ سے شاہ فیصل کالونی پھر شاہراہ فیصل سے ملیر کی طرف بھیجا جائے گا۔
مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جام صادق انٹرچینج 2 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت
حکام کے مطابق مرغی خانہ پل قائد آباد انٹرچینج سے قیوم آباد انٹرچینج کی طرف جانے والی ٹریفک معمول کے مطابق کھلی رہے گی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ عوام متبادل راستوں کا استعمال کریں، دورانِ سفر ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔