خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی، جیونیوز کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 146 افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے اور رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے۔
حکام کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تین زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مانسہرہ میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے تباہی
دوسری جانب ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے۔ مانسہرہ میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی23 افراد لاپتہ ہیں۔
پولیس کے مطابق علاقے میں کئی مکانات تباہ اور بڑی تعداد میں مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
پختونخوا میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات
پرونشل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے میں کلاؤڈ برسٹ، بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 5 اضلاع میں کلاوڈ برسٹ اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 43 افراد جاں بحق ہوئے۔
جاری تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں 21، سوات میں 4، دیر لوئر میں 5، بٹگرام میں 7 اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ باجوڑ میں 8 اور دیرلوئر میں4 افراد زخمی ہوئے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 18 افراد جاں بحق
ادھر آزاد کشمیر میں کلاؤ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں کے باعث دو روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔
دریائے سوات میں12 افراد دریا میں پھنس گئے
چارسدہ میں دریائے سوات میں منڈا کے مقام پر 12 افراد دریا میں پھنس گئے تھے، جنہیں بروقت ریسکیو کرلیا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے بتایا کہ تمام افراد دریا کے بیچ میں ریت کے ٹھیلے پر موجود تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ ادارے موقع پر موجود تھے، اس لیے دریا میں پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جلد شروع کر دیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 2 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق دریا میں پھنسے ہوئے افراد لکڑیاں پکڑنے کے لیے دریا میں گئے تھے۔
بونیر میں طوفانی بارشیں اور سیلابی ریلوں سے 78 افراد جاں بحق
بونیر میں طوفانی بارشیں اور سیلابی ریلوں کے باعث 78 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق بونیر کے علاقے پیر بابا اور گردو نواح میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق پیر بابا میں سیلاب سے 75 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 25 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا بونیر میں ہیلی کاپٹر سروس دینے کا مطالبہ
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بونیر میں سیلابی صورتحال کے باعث ہیلی کاپٹر سروس اور وفاقی و صوبائی حکومت سے ضلع کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا سیلاب کی زد میں ہے، مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، بونیر کے کئی علاقوں میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ جانور اور گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ بونیر کے ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں، ہیلی کاپٹر سروس کا مطالبہ کیا ہے، دو مقامات پر ریسکیو خدمات انجام دیں گے، کہ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن شروع کردیے ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور متعلقہ اداروں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم کی ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے نتیجے میں جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے اور علاقے میں ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔