کراچی کے ضلع ملیر گلشن حدید میں تالا توڑ گروہ نے بڑی واردات کی ہے۔
پولیس کے مطابق گلشن حدید فیز ون کی مارکیٹ میں پانچ رکنی تالاتوڑ گروپ نے 5 دکانوں کے تالے کاٹ کر نقدی اور قیمتی اشیا چوری کرلیں جن دکانوں کے تالے کاٹے گئے ان میں موبائل فون شاپ، سنار، کریانہ اسٹور شامل ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پہلے 5 ملزمان مارکیٹ پہنچے، سیکیورٹی گارڈ کو رسیوں سے باندھ کر سائیڈ پر کردیا، دکانوں میں موجود کیش، موبائل فون، سونا اور دیگر قمیتی سامان چوری کیا گیا، واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری پہنچ گئی، متاثرہ دکاندار تمام نقصان کا جائزہ لیکر بتائیں گے، ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں کروڑوں روپے کی چوری،مقدمے کا مدعی خود ہی ملوث نکلا
دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی میں واقع گیمنگ زون میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی۔ چھ مسلح ڈاکوؤں نے گیمنگ زون میں موجود 60 سے زائد افراد کو یرغمال بناتے ہوئے موبائل فونز، نقدی چھین لی، جبکہ سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ اور کیمرے کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ملزمان واردات کے دوران بڑے اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کر رہے تھے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ سیکیورٹی گارڈ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مجھے گھسیٹ کر گیمنگ زون کے اندر لے جایا اور پھر موبائل فونز اور نقدی چھیننے کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اس واردات میں کم از کم 13 افراد سے موبائل فونز چھینے اور پھر باآسانی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں تاکہ ملزمان کی شناخت کی جا سکے۔