کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی جانب سے آج ہفتہ 19 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کی جا رہی ہے، اس ہڑتال کو ملک کی تقریباً ساری تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز، صنعتی زونز اور مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
کراچی کی آج کون کونسی مارکیٹ بند ہیں؟
کراچی چیمبر کی ہڑتال کی کال پر شہر کی چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں۔ صدر، نیو ایم اے جناح روڈ ، ریگل، الیکٹرونکس مارکیٹ،ناز پلازہ،گل پلازہ، موبائل مارکیٹ، ٹائر مارکیٹ، جامع کلاتھ مارکیٹ، لیاقت آباد، حیدری، کورنگی، صرافہ بازار، میڈیسن مارکیٹ، کپڑا مارکیٹ ہڑتال کے باعث بند ہیں۔
مزید پڑھیں:بزنس کمیونٹی کا کل کی ہڑتال موخر کرنے کا اعلان
اس کے علاوہ بولٹن مارکیٹ، امپریس مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی مارکیٹ، جیل چورنگی، گلوب چورنگی، طارق روڈ، بہادر آباد چورنگی، سمیت شہر کے اہم کاروباری مراکز بند ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کی فروٹ اور سبزی منڈی میں بھی سناٹا ہے۔
کراچی کے ساتوں صنعتی زونز بشمول سائٹ، کورنگی، لانڈھی، نارتھ کراچی، بن قاسم، سائٹ سپر ہائی وے اور فیڈرل بی ایریا نے بھی ہڑتال کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ واضح رہے ٹیکس قوانین کے متنازع سیکشن 37 اے اور بی، فنانس ایکٹ 2025 میں شامل دیگر ’کاروبار مخالف‘ اقدامات اور 32 غیر منصفانہ اناملیز کے خلاف کراچی چیمبر نے آج ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز، نٹ ویئر اینڈ سوئیٹر ایکسپورٹرز، ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز، ریڈی میڈ گارمنٹس، سوپ مینوفیکچررز، پلاسٹک امپورٹرز، فلور ملز، یارن مرچنٹس، آٹو اسپئر پارٹس، سیلف ایڈہیسیو ٹیپ، مشینری، ڈینم مینوفیکچررز، بیئرنگ مینوفیکچررز، ٹائر ڈیلرز، موٹر سائیکل ڈیلرز، اور شاپ کیپرز ویلفیئر سوسائٹی اقبال شاپنگ سینٹر سمیت درجنوں تجارتی انجمنوں نے ہڑتال میں شرکت اور حمایت کا اعلان کیا تھا۔