صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول مکیش کمار چاؤلہ نے گاڑی مالکان کی سہولت کے لیے موٹررجسٹریشن ونگ ہفتے اور اتوار کو بھی کھلا رکھنے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سوک سینٹر کراچی میں قائم موٹر رجسٹریشن ونگ ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ اقبال احمد لغاری نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا جس کے مطابق سوک سینٹر کراچی میں موٹر رجسٹریشن ونگ ہفتہ اور اتوار کو صبح 10 تا 4 بجے تک کھلا رہے گا۔
مزید پڑھیں؛گاڑیوں کی نئی جدید نمبر پلیٹس کی خصوصیات اور بنوانے کا طریقہ کار
نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتہ و اتوار موٹرسائیکل ملکیت کی منتقلی، کار و موٹر سائیکل نمبر پلیٹس کے اجراء، رسید اور واجبات کی ادائیگی کے لیے مختص رہیں گے۔
ڈی جی ایکسائز کے مطابق یہ فیصلہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے عوام کے بڑھتے رش و سہولت کے باعث کیا گیا ہے۔