الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز سے متعلق تازہ اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق یکم جولائی 2025 تک ووٹرز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 13 کروڑ 44 لاکھ 28 ہزار 577 ہو گئی ہے۔ یہ تعداد 6 مئی 2025 کو جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مقابلے میں 4 لاکھ 34 ہزار 568 ووٹرز زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں سب سے زیادہ 2 لاکھ 34 ہزار 260 نئے ووٹرز رجسٹر ہوئے، جس کے بعد صوبے میں ووٹرز کی کل تعداد 7 کروڑ 65 لاکھ 63 ہزار 243 ہو گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 82,204 ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس سے کل تعداد 2 کروڑ 28 لاکھ 74 ہزار 402 تک پہنچ گئی۔
سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 78,445 کے اضافے سے 2 کروڑ 81 لاکھ 70 ہزار 274 ہو گئی۔
بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 20,779 کے اضافے کے بعد 56 لاکھ 13 ہزار 371 ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں 18,880 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا، جس سے وفاقی دارالحکومت کے ووٹرز کی کل تعداد 12 لاکھ 7 ہزار 287 تک جا پہنچی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صنفی اعتبار سے مرد ووٹرز کی تعداد میں 1 لاکھ 93 ہزار 522 کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ان کی کل تعداد 7 کروڑ 21 لاکھ 24 ہزار 209 ہو گئی ہے۔
خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 41 ہزار 46 کے اضافے سے 6 کروڑ 23 لاکھ 4 ہزار 368 تک پہنچ گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق، ملک بھر میں خواتین ووٹرز کا تناسب 46.35 فیصد جبکہ مرد ووٹرز کا تناسب 53.65 فیصد ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ مرد اور خواتین ووٹرز کے فرق میں بھی کمی آگئی ہے۔