میٹر ریڈرز اور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کی من مانیاں ، تاخیر سے ریڈنگ اور اسکے نتیجے میں سلیب کی تبدیلی ، غلط میڑ ریڈنگ اور بلنگ سمیت متعلق دیگر شکایات کے ازالے کےلئے پاور ڈویژن نے اپنا میٹر اپنی ریڈنگ پاور اسمارٹ ایپ متعارف کرادی ، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے باقائدہ افتتاح کردیا ۔
ایپ کا مقصد کیاہے
ایپ کا مقصد بجلی کے صارفین کو براہِ راست نظام کا حصہ بنانے اور بلنگ کے عمل کو شفاف اور بااعتماد بنانا ، اووربلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر جیسے مسائل کا حل فراہم کرنا ہے۔ ابتدائی طور پر ایپ کو پانچ مختلف زبانوں اردو، انگریزی ، پنجابی ، سندھی اور بلوچی میں متعارف کرایا گیا ہے۔ کے الیکٹرک کے صارف اس ایپ سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے
ایپ کیسے کام کرے گا
پاور ڈویژن کےمطابق مقررہ تاریخ پرصارف اپنے میٹر کی تصویر ایپلی کیشن پر اپ لوڈ کرسکیں گے اور اس بنیاد پر بجلی صارفین کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔ اگر صارف اور میٹر ریڈر دونوں ریڈنگ اپ لوڈ کریں تو کم ریڈنگ کو ترجیح دی جائے گی۔ صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کردیں تو اس کے بعد میٹرریڈرکی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائےگی۔ صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائےگی۔
ایپ کس کے لئے فائدہ مند ہے
پاور ڈویژن کے اعلامیے کےمطابق یہ نظام اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والےصارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے، صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے، ایپ کے ذریعے یقینی بنایا جائےگا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کرکے سبسڈی سے مستفید رہیں۔