کراچی میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔
ترجمان کے مطابق مون سون کے دوران ایئرپورٹ پر کیڑوں کی افزائش کی وجہ سے پرندوں کی سرگرمی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایئر سائیڈ پر انسپکٹرز اور برڈ کنٹرول اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
ایئرپورٹس اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ کھلی اشیاء اور ساز و سامان کو محفوظ انداز میں باندھا یا ذخیرہ کیا جائے تاکہ شدید موسم میں نقصان سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ ہلکے طیاروں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے یا باندھنے کے انتظامات کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد
تمام بیکن لائٹس اور پولز کو محفوظ اور مکمل طور پر فعال رکھنے، بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کو ختم کرنے اور ایئر فیلڈ لائٹنگ ٹیم کو روشنیوں کی درستگی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران ایئرپورٹ آپریشنز کو محفوظ اور بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔