Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پی ٹی اے کا تمام صارفین کو مفت 2 جی بی انٹرنیٹ اور 200 منٹ دینے کا اعلان

PTA announces free 2GB internet and 200 minutes to all users

پاکستان میں موبائل اور براڈبینڈ صارفین کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچنے پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو ایک دن کے لیے 2 جی بی مفت انٹرنیٹ اور 200 آن نیٹ منٹس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں براڈبینڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ فائبر آپٹک نیٹ ورک سے جُڑے صارفین کی تعداد بھی 20 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اس موقع پر صارفین *#2200# ڈائل کرکے یہ سہولت حاصل کر سکیں گے، جو 24 گھنٹے کے لیے مؤثر ہوگی۔

اس اہم سنگِ میل کی مناسبت سے اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت جدید ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اسپیکٹرم کی نیلامی اور نیشنل فائبرائزیشن پالیسی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔

مزید پڑھیں:انٹرنیٹ کی عالمی کیبل میں خرابی، عارضی بینڈوتھ سسٹم میں شامل، پی ٹی اے

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم شہریوں کو آسان اقساط پر موبائل فونز کی فراہمی کی پالیسی پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ ہر پاکستانی ڈیجیٹل سہولیات سے مستفید ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت کے دوران طلبہ میں 12 لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے گئے تھے، اور اب خواتین کی انٹرنیٹ اور موبائل تک رسائی میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوان نسل ہمارا اصل سرمایہ ہے، اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر گھر تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی ممکن ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے لیے انٹرنیٹ اور اسمارٹ فونز ناگزیر ہو چکے ہیں۔

پی ٹی اے کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ملک بھر میں خواتین صارفین میں 200 اسمارٹ فونز بھی تقسیم کیے جائیں گے، جب کہ منتخب یونیورسٹیوں میں 6 ماہ کے لیے مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button