آل ڈمپر ٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ اس سال عیدالاضحیٰ پر کراچی سے قربانی کی آلائشیں نہیں اٹھائی جائیں گی۔ یہ اعلان ایسوسی ایشن کے صدر حاجی لیاقت محسود نے ایک اہم پریس کانفرنس میں کیا۔
حاجی لیاقت محسود کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور کمشنر کراچی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈمپرز پر غیر منصفانہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کے باعث ڈمپر مالکان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے بقول، “اگر ہمیں دیگر ہیوی گاڑیوں کے برابر شہر میں چلنے کی اجازت نہیں دی جاتی تو ہم آلائشیں کیوں اٹھائیں؟”
مزید پڑھیں؛عیدالاضحیٰ صفائی مہم: میئر کراچی کی سندھ سالڈ ویسٹ کو بروقت اقدامات کی ہدایت
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں ڈمپرز کو آگ لگانے کے متعدد واقعات پیش آئے، مگر سندھ حکومت نے کوئی سنجیدہ نوٹس نہیں لیا، نہ ہی متاثرہ مالکان کی مالی مدد کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں، لہٰذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہماری جان و مال کی حفاظت کرے۔”
ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ان کے تحفظات کو دور کرے، بصورت دیگر آلائشوں کی صفائی کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔