پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے حملوں سے شہریوں کی اموات اور مودی حکومت کی آبی جارحیت سے امریکا اور اقوام متحدہ کو آگاہ کرنے کے لیے پاکستان کا نو رکنی وفد آج سے اہم ملاقاتوں کا آغاز کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی وفد اقوام متحدہ میں چین اور روس کے مندوبین سے ملاقات کرے گا، وفد او آئی سی کے سفیروں سے بھی نیویارک میں ملاقات کرے گا اور اپنا مؤقف پیش کرے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کا وفد جنگ بندی کے باوجود بھارت کی جانب سے جاری اشتعال انگیزی کا مقدمہ پیش کرےگا۔ وفد زور دے گا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات کا عمل جلد از جلد بحال کیا جائے اور دونوں ملکوں کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی پہلی بار پاک فضائیہ کے ہاتھوں لڑاکا طیارے گرائے جانے کی تصدیق
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 9 رکنی وفد میں شیری رحمان اور حنا ربانی کھر شامل ہیں۔ وفد میں جلیل عباس جیلانی، مصدق ملک، خرم دستگیر، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ اور تہمینہ جنجوعہ بھی شامل ہیں۔