پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور سے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جس کا آغاز آئندہ ماہ 18 جون سے ہوگا۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق، لاہور سے پیرس کے لیے ہر ہفتے ایک پرواز آپریٹ کی جائے گی، جو نہ صرف مسافروں کے لیے سفری سہولت کا باعث بنے گی بلکہ ملک کے لیے زرمبادلہ کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ اس وقت پی آئی اے اسلام آباد سے پیرس کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے۔ پی آئی اے نے حالیہ چند مہینوں کے دوران 8 بین الاقوامی روٹس کو دوبارہ فعال کیا ہے، جن میں اسلام آباد سے پیرس کی پروازیں بھی شامل ہیں، جو ساڑھے چار سال کے وقفے کے بعد رواں برس بحال کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں؛ پی آئی اے کی پیرس کے لیے پہلی پرواز، تقریباً تمام سیٹیں بُک ہوگئیں
پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر نے پی آئی اے کی جانب سے پیرس کے لیے پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ فرانس میں موجود کئی فرانسیسی سفارتکاروں نے وطن واپسی کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پرواز کو ترجیح دی۔
پی آئی اے کی جانب سے یہ قدم پاکستان اور یورپ کے درمیان فضائی رابطوں کو بہتر بنانے، سیاحت کے فروغ، اور تجارتی مواقع میں اضافے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔