ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے 20 مئی تک ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب، کے پی، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 5 سے7 ڈگری زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 20 مئی کے دوران ملک کے بیشتر حصوں پر ایک بلند دباؤ والا موسمی نظام چھا جانے کا امکان ہے، اس کے نتیجے میں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ادھر وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 15 سے 19 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 19 مئی کی شام یا رات کو ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا نظام داخل ہونے کا امکان ہے، اس کے زیرِ اثر 19 اور 20 مئی کو آزاد کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام خصوصاً بچوں، بزرگ شہریوں اور خواتین سے ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے، ان تدابیر میں براہِ راست دھوپ سے بچنا اور جسم کو مناسب حد تک پانی کی فراہمی یقینی بنانا شامل ہے۔
کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں تبدیلی کریں اور مویشیوں کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں تاکہ شدید گرمی کے ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
کراچی میں موسم کیسا رہے گا؟
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔