محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر 25 جنوری تک جاری رہے گی اور درجہ حرارت 10 سے 12 تک، اس سے مزید گرنے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ جنوری 17 اور 18 کو کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے باعث دن کے اوقات میں بھی سردی کی شدت محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہرمیں فروری میں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کا اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہلکی دُھند کے باعث حدِ نگاہ 2.5 کلو میٹر ریکارڈ ہوئی، آئندہ 24 گھنٹوں میں 5 سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔
دوسری جانب میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ بلوچستان کے شمالی حصے اور پنجاب میں 20 جنوری سے بارش کا امکان ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 24 جنوری تک جاری رہنے کہ توقع ہے، بارش کے باعث 25 جنوری سے ملک بھر میں شدید سردی کی لہر کا دوبارہ آغاز ہوگا۔