کراچی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر موبائل فون سگنلز بند رکھنے کی تجویز دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھ کر 12 ربیع الاول کے موقع پر مخصوص علاقوں میں موبائل فون سگنلز بند کرنے کی تجویز دے دی۔ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ موبائل سروسز صرف مرکزی جلوس کے راستوں اور مخصوص مقامات پر معطل رہیں گی، پورے شہر میں موبائل سگنلز بند نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے یہ اقدام محدود پیمانے پر ہوگا اور اس کا مقصد صرف سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زون کے 23 مقامات پر مکمل طور پر سگنل بند کیے جائیں گے، جبکہ ٹاور سے نشتر پارک تک مرکزی جلوس کے تمام راستوں پر بھی یہ پابندی عائد ہوگی۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کے تحفظ اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے، تاہم کوشش کی جائے گی کہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
ان مزید کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی آج اور کل کراچی میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔ یاد رہے سندھ حکومت نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 5 اور 6 ستمبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، ان دنوں میں سرکاری دفاتر، خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
عید میلاد النبی ﷺ، جسے 12 ربیع الاول بھی کہا جاتا ہے، نہایت عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مساجد، گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے جبکہ جلوس، محافل نعت اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ علما کرام سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہیں اور عوام مستحقین میں صدقات و خیرات تقسیم کرتے ہیں۔