سندھ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں آسان و محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے کےلیے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے گرینڈ منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔
وزیر محنت سندھ شاہد تھہیم نے اعلان کیا ہے کہ الیکٹرک موٹر سائیکل کے حصول کےلیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے۔ خواتین درخواستیں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ (https://emotorcycle.wwbs.gos.pk/) پر جمع کرا سکتی ہیں جبکہ ریکارڈ بھی آن لائن چیک کیا جاسکتا ہے۔
وزیرمحنت کے مطابق قرعہ اندازی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت ہوگی جس میں انسانی مداخلت کا کوئی امکان نہیں۔ اسکیم کے تحت 20 سے 45 سال کی خواتین صنعتی مزدور درخواست دینے کی اہل ہیں جبکہ 20 فیصد کوٹہ اقلیتی برادری کےلیے مختص ہے۔
مزید پڑھیں:حکومت سندھ کا خواتین کو مفت پنک اسکوٹر دینے کا اعلان، کونسی خواتین اسکوٹر کی اہل ہوں گی؟
شرائط کے مطابق موٹر سائیکل سات سال کےلیے لازمی طور پر رکھنی ہوگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کےلیے 60 دن کی مہلت دی جائے گی۔ وزیر محنت نے مزید کہا کہ خواتین آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ ہیں اور ان کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت یہ منصوبہ شروع کیا ہے۔ منصوبے کا مقصد خواتین کو محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا، روزمرہ اخراجات میں کمی لانا اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔
اقلیتوں کے حوالے سے شاہد تھہیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کے مساوی حقوق اور قربانیوں کی علامت ہے۔ اس اسکیم میں اقلیتوں کا شمار دراصل ان قربانیوں کا اعتراف ہے جو انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں دی ہیں۔
یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وژنری قیادت کی روشن مثال ہے۔ یہ صرف ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں بلکہ خواتین اور اقلیتوں کی شمولیت، مساوات اور خودمختاری کی جانب ایک خاموش انقلاب ہے جس پر سندھ حکومت فخر کرتی ہے۔