کراچی میں آج موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مغرب سے گرم ہوائیں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدیدگرم اور خشک رہے گا۔ تاہم بعدا ز دوپہر میں ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شام کے دوران بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ خیرپور،دادو، نوشہروفیروز میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :کراچی میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی، کے پی ٹی کا ہائی الرٹ جاری
دوسری جانب آج ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔