Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی، کے پی ٹی کا ہائی الرٹ جاری

KPT

کراچی میں مون سون کی آمد کے ساتھ ہی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے کے پی ٹی نے پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ بندرگاہ اور متعلقہ تنصیبات کو محفوظ رکھا جا سکے۔

کے پی ٹی حکام کے مطابق، جہازوں کو محفوظ انداز میں برتھنگ (Berthing) کرانے کے لیے پورٹ میں خصوصی نگرانی کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ مورنگ لائنز کی سیٹنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ٹگز (Tugs) کی موجودگی سے فوری مدد فراہم کی جا سکے گی۔

انتظامیہ نے سٹینڈ بائی پائلٹ کی سہولت بھی مہیا کر دی ہے جو طوفانی موسم میں جہازوں کو بحفاظت گہرے سمندر کی جانب روانہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ ٹگز، پائلٹ بوٹس اور شپنگ بوٹس کو فوری رسپانس کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔

کارگو اور کنٹینر سیکیورٹی

تمام اقسام کے کارگو بشمول گاڑیاں، قیمتی اشیاء، ہلکے وزن کا سامان — کو پلنتھ اور شیڈز میں ترپال سے کور کر کے محفوظ بنایا گیا ہے۔ خالی کنٹینرز کو بھی دو کنٹینرز کی اونچائی میں رکھتے ہوئے یارڈز اور ٹرمینلز میں مضبوطی سے سیٹ کیا گیا ہے۔

فزیکل اور ماحولیاتی سیکیورٹی

آئل پیئرز کے ٹرنچ اور سمپ ٹینکس کی صفائی اور خالی رکھنے کے آرڈرز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ گیس لیکج سے بچاؤ کے لیے خصوصی الرٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ تمام ڈرین لائنز کو چیک کر کے بلاکیج دور کی جا رہی ہے اور چھتوں سے اڑنے والی ڈِبری اور خطرناک اشیاء ہٹانے کے احکامات بھی جاری ہو چکے ہیں۔

بجلی اور میڈیکل ایمرجنسی انتظامات

کے پی ٹی کی جانب سے بجلی گرنے، کراس شارٹ یا ٹرانسفارمر نقصان کی صورت میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے سٹینڈ بائی جنریٹرز ہر وقت دستیاب رکھے جا رہے ہیں۔ کے پی ٹی ہسپتال میں 24 گھنٹے میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

فائر سیفٹی اور سول ڈیفنس

پورٹ فائر آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فائر ہائیڈرینٹس کو کارگو آپریشن کے لیے کلیئر رکھیں، اور بوقتِ ضرورت سبمرسبل پمپس جنریٹر کے ساتھ فوری دستیاب رکھیں۔ سول ڈیفنس والنٹیئرز کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق، تمام ممکنہ خطرات کے پیش نظر مکمل انتظامات کر لیے گئے ہیں تاکہ بندرگاہ کی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button