سعودی وزارتِ صحت نے رواں حج سیزن کے دوران دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کی رہنمائی کے لیے اردو سمیت 8 زبانوں میں آن لائن رہنمائے صحت پورٹل کا اجرا کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس سال دنیا بھر سے ریکارڈ تعداد میں عازمینِ حج سعودی عرب پہنچنے والے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت نے صحت و سلامتی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ مناسک حج کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
وزارتِ صحت کے بیان کے مطابق آن لائن رہنمائے صحت پورٹل میں عازمین کو صحت، ویکسینیشن، احتیاطی تدابیر اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے مکمل رہنمائی دی گئی ہے۔ یہ معلومات عربی، انگریزی، اردو، فرانسیسی، فارسی، انڈونیشیئن، مالے، اور ترکی زبانوں میں دستیاب ہیں۔
مزید پڑھیں؛ سعودی عرب میں حج 2025 کے نئے قوانین کا اطلاق
مزید کہا گیا ہے کہ عازمین حج کو میننجائٹس، کووڈ-19، پولیو، اور یلو فیور کی ویکسین لازمی طور پر لگوانی چاہیے۔
دائمی امراض میں مبتلا عازمین اپنی مکمل میڈیکل ہسٹری، نسخے اور دوا کی مناسب مقدار ساتھ رکھیں۔
دیگر اہم بیماریوں جیسے خناق، تشنج، کالی کھانسی، خسرہ، چکن پاکس اور ممپس سے بچاؤ کے ٹیکے بھی لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت نے اس اقدام کو “عالمی سطح پر صحت سے متعلق آگاہی بڑھانے اور حج کے دوران کسی بھی طبی بحران سے بچاؤ” کا مؤثر ذریعہ قرار دیا ہے۔