معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے، افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، دن کا آغاز ملکی سلامتی اور امن واستحکام کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر بلند کیا گیا اور جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
خیبرپختونخوا بشمول ضم اضلاع میں تعینات پاک فوج کے جوانوں نے یوم تشکر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا، تقریبات میں عوام، عمائدین، سول اور عسکری شخصیات نے شرکت کی اور شرکا نے وطن عزیز کی سالمیت اور خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔
ننکانہ صاحب میں یوم تشکر کا آغاز خصوصی عبادات اور دعاؤں سے ہوا، ننکانہ صاحب کی تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جبکہ علما کرام نے پاکستان کی سلامتی، تعمیروترقی اور شہدا کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ یوم تشکر کے موقع پر ہیڈ کوارٹر ایف سی این اے میں قرآن خوانی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا مقصد پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے اجتماعی دعا کرنا تھا۔
مزید پڑھیں:آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر کراچی سمیت ملک بھر میں جشن منایا جا رہا ہے
تقریب میں شہدا کے بلندی درجات، ملکی سلامتی اور افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے دعائیں مانگی گئیں، آزاد کشمیر میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر بھرپور ملی جذبے کیساتھ منایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، معرکہ حق میں تاریخی فتح پر سجدہ شکر، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں۔
مزید براں، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوں گی۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی، جبکہ ملک بھر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے جائیں گے اور شہداء کے لیے دعائیہ تقاریب ہوں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی کے حوالے سے يوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی صرف پاکستانی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پُرامن ملک ہے، ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، تاہم پاکستان اپنی خود مختاری، جغرافیائی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں، معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں ہے، پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ان بہادر سپاہیوں کو سلام جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا۔ میں بطور صدر یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز:
یوم تشکر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لیے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے اور ہمیں ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ، یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔