ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یوم ولادت النبیﷺ کے حوالے سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کےلیے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں۔
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گلی گلی چراغاں کیا گیا ، مساجد ، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے، فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے معطر ہیں۔
پارلیمنٹ
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں متفقہ طور پر منظور کردہ قرارداد کے تحت اس سال حکومت نے 1447ہجری کو نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے 1500ویں یوم ولادت کے طور پر منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اس دن کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہونے والی بین الاقوامی سیرت کانفرنس ہوگی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری کی شرکت متوقع ہے۔
اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام خصوصی محفل نعت آج رات اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔ ملک بھر میں مدارس کے بچوں، اہلسنت کی مختلف تنظیموں کی جانب سے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، میلاد کی محفلوں میں آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ عدل و انصاف، رحم و کرم، اخوت و مساوات اور احترامِ انسانیت ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہیں، آج جب دنیا انتہاپسندی، ناانصافی، معاشرتی خلفشار اور ڈیجیٹلائزیشن کے بے قابو رجحانات جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، ہمیں سیرتِ مصطفی ﷺ کی روشنی میں ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہےہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پُرسعید دن پر میں پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ تاریخی اور یادگار موقع امتِ مسلمہ کے لیے نہ صرف خوشی اور عقیدت کا باعث ہے بلکہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس 12 ربیع الاول کے ساتھ ساتھ ولادتِ نبوی ﷺ کے پندرہ سو برس مکمل ہونے کی سعادت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم نبی اکرم ﷺ کے عطا کردہ آفاقی اصولوں، عدل، رحمت، اخوت اور امن کو اپنے معاشرتی، سیاسی اور تہذیبی ڈھانچوں میں رائج کریں، یہ دن پوری دنیا کے مسلمانوں کو ایک ایسے رشتے میں پروتا ہے جو ایمان کی بنیاد پر استوار ہے اور جس کا محور صرف اور صرف رسولِ رحمت ﷺ کی ذاتِ گرامی ہے۔
وزیرِ اعظم
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جشن ولادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے دن آج سے 1500 برس قبل سرزمینِ مکہ میں نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے ظلمتوں کو نور میں بدل دیا اور انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی نئی راہیں دکھائیں، رواں سال، پاکستان سمیت پوری دنیا میں سالِ رحمت للعالمین ﷺ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے، حکومت و سیاست ہو، عدل و انصاف ہو، معیشت اور تجارت ہو، یا معاشرتی اقدار ہوں، سیرتِ طیبہ ہمارے لیے ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے، قرآن ہمیں واضح الفاظ میں بتاتا ہے کہ تمہارے لیے اللہ کے رسولﷺ میں بہترین نمونہ موجود ہے، ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور یومِ آخرت کی امید رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج جب دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی سے روابط میں تیزی آگئی اور فاصلے سمٹ گئے ہیں ایسے میں ہمیں اپنی نئی نسل کو خیر، علم اور امن کی طرف راغب کرنے کیلئے انہیں حیات طیبہ ﷺ سے روشناس کرانا ہوگا، نبی اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ زبان اور کلمہ خیر و بھلائی کے لیے استعمال ہو، اس لئے ہمیں نسل نو کو جدت کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کے لازوال اصول جو نبی آخرزماں حضرت محمد ﷺ نے امت کیلئے وضح کئے، ان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے انکے محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کی ترغیب دینی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں 12 ربیع الاول کو کن کن علاقوں میں موبائل فون سگنلز بند رہیں گے؟
گورنر ہاؤس کراچی میں محفلِ میلاد کا اہتمام
کراچی میں گورنر ہاؤس میں عید میلادالنبیﷺ کی محفل سجائی گئی، اس موقع پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نےکہا کہ حضور ﷺ کی ولادت باسعادت ساری انسانیت کے لیے باعثِ رحمت ہے، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے کامل رہنمائی موجود ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم بدنصیب ہیں کہ رسولﷺ کی سنت وسیرت پر عمل پیرا نہیں ہورہے، مجھے 12 ربیع الاول کے دن ہی گورنر کے منصب پر آنا نصیب ہوا۔
جلوسوں کیلئے سخت سیکیورٹی
کراچی، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے جلوسوں کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں بارہ ربیع الاول کی تقریبات اور مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر 4 ہزار 480 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں جلوسوں میں شرکت کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے عاشقان رسولﷺ کی جانب سے لنگر اور کھانے پینے کے زبردست انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔