سندھ کے 22 اضلاع میں مختلف بلدیاتی اداروں کی 81 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لئے 399 امیدواروں نے کا غذات نامزدگی جمع کئے ،جن میں سے 80 امیدواروں کے کاغذات مسترد، جبکہ 319 کے منظور ہوگئے، کراچی کے 3 اضلاع میں یونین کمیٹی کے چئیرمین، وائس چیئیرمین اور وارڈ کونسلر کی 5 نشستوں کے لئے 84 امیدوار میدان میں اترے، جن میں سے 8 کے کاغذات مسترد اور 76 کے منظور ہوگئے۔
الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں یونین کمیٹی، یونین کونسل، ٹائون کمیٹی کے چئیرمین، وائس چیئیرمین اور وارڈ کونسلرز کی 81 نشستوں کے لئے ضمنی انتخاب 26 ستمبر کو ہوگا، کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
مجموعی طور پر 81 نشستوں کے لئے 399 میدواروں نےکاغذات نامزدگی جمع کئے جن میں سے 80 امیدواروں کے کاغذات مسترد اور 319 کے منظور ہوئے ۔
مزید پڑھیں:کراچی سمیت سندھ میں 52 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
سب سے دلچسپ صورتحال کراچی کی 5 نشستوں پر ہے مجموعی طوپر 84 امیدوار میدان میں اترے، جن میں سے 8 کے کاغذات مسترد اور 76 کے منظو ر ہوئے۔
کراچی
ضلع شرقی کے سہراب ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 8 میں وائس چئیرمین کی نشست کے لئے 13 امیدواروں میں سے 9 کے منظور اور 4 کے مسترد، ضلع غربی کے اورنگی ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 1 میں چئیرمین کی نشست کے لئے 18 امیدواروں میں سے 17 کے منظور اور ایک کے مسترد، اورنگی ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 7 میں وارڈ کی نشست کے لئے 7 امیدواروں میں سے 6 کے منظور اور ایک کے مسترد، منھگو پیر ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 10 میں وائس چئیرمین کی نشست کے لئے 18 امیدواروں میں سے 16 کے منظور اور 2 کے مسترد اور ضلع کیماڑی کے بلدیہ ٹائون کی یونین کمیٹی نمبر 8 میں وائس چئیرمین کی نشست کے لئے تمام 28 امیدواروں کے کاغذات منظور ہوگئے۔