سعودی عرب مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں بادل خوب برسے جس سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی باران رحمت جم کر برسا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہی ہیں۔ بارش کے باعث مدینہ منورہ میں گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
مزید پڑھیں:موبائل ڈیٹا کے بغیر روضہ شریف کا پرمٹ نسک ایپ سے حاصل کریں
سعودی عرب میں کونسے علاقے پورے ہفتے بارش کی زد میں رہیں گے؟
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے بیشترعلاقوں میں بارش کا سلسلہ رواں ہفتے کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ، مکہ، مدینہ اور نجران ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش جبکہ ریاض قصیم، حائل اور الشرقیہ ریجن ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے۔
رپورٹس کے مطابق جنوب مغربی اور مغربی پہاڑی علاقوں خاص طور پر جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ موسمیات کے قومی مرکز نے شہریوں اور رہائشیوں سے کہا ہے کہ ’وہ ویب سائٹ اور میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کریں اور حکام کی ہدایات اور گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔