کراچی آج بھی بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں آئندہ 2 روز تک صبح یا رات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں چلنے سے شہر کا موسم خوشگوار ہے، کراچی کا موسم چند روز تک مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں ہفتے کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے، اس کے علاوہ جنوب مغربی سمت سے 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ٹینک کا کام مکمل
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
راولپنڈی، جہلم، مری، گلیات، چکوال، اٹک، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، شیخو پورہ، نارووال اور لاہور میں بارش کا امکان ہے۔ دیر، چترال، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، مردان، صوابی، پشاور، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر، اور کزئی اور وزیرستان میں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔
عمر کوٹ، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین، کراچی، خیرپور، سانگھڑ، مٹھی اور میرپور خاص میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان اورآزاد کشمیرمیں چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔