کراچی کے علاقے قیوم آباد سے اغوا ہونے والا ڈیڑھ سالہ بچہ پنجاب سے بازیاب کروا لیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ قیوم آباد سے اغوا ہونے والا ڈیڑھ سالہ بچہ پنجاب سے بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے، اغوا میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ۔ کا کہنا تھا کہ چند روز قبل 18 ماہ کا بچہ عبداللہ قیوم آباد گھر کے باہر سے اغوا ہوگیا تھا، بچے کی ماں کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تفتیشی ٹیم نے تکنیکی اور روایتی بنیادوں پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کیا۔
اسد رضا کے مطابق محلے کے چوکیدار کو شاملِ تفتیش کیا گیا جس سے اہم سراغ ملا، چوکیدار کے انکشاف پر ایک خاتون کو حراست میں لیا گیا، تفتیشں میں خاتون نے بچے کو اپنے آبائی گھر بہاولپور میں رکھنے کا اعتراف کیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تفتیش کے مطابق بچے کا اغوا ذاتی دشمنی کی بنیاد پر کیا گیا تھا، خاتون ملزمہ صائمہ کو جوڈیشل کسٹڈی جبکہ چوکیدار محمد اقبال جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے پاس ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور سے بازیاب ہونے بچے کو اس کی ماں کے حوالے کردیا گیا ہے۔