وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کو بتایا ہےکہ ریلوے کے تمام گیسٹ ہاؤسز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ چالیس کے لگ بھگ ریلوے اسٹیشنوں پر فری وائی فائی لگانے جارہے ہیں۔
قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس رائے حسن نواز کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، اجلاس میں کمشنر ڈی جی خان کی جانب سے مظفرگڑھ کی ریلوے زمین پر کمیٹی ارکان کو بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے استفسار کیا کہ یہ زمین کس کی ہے؟ کمشنر ڈی جی خان نے بتایا کہ یہ زمین کاغذوں میں وفاقی حکومت کی ملکیت ہے، رکن کمیٹی جمشید دستی نے کہا کہ کمیٹی کے سامنے جھوٹی رپورٹ دینے پر کمشنر ڈی جی خان پر تحریک استحقاق بنتی ہے۔
اس موقع پرحنیف عباسی نے کہا کہ سول بیوروکریسی کو سب سے زیادہ تعاون عدالت کے فیصلوں سے ملتا ہے،جو ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے، اسے من و عن تسلیم کرکے اراضی ریلوے کو واپس کی جائے، ڈی جی خان میں ہماری جو زمین ہے، اسے واپس کریں اور تجاوزات کے خاتمے میں مدد کریں۔
مزید پڑھیں:پاکستان ریلوے کو مالی سال 25-2024میں کتنی آمدن ہوئی؟
کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ اس معاملے کو بورڈ آف ریونیو نے ٹیک اپ کر رکھا ہے، چیئرمین کمیٹی نے معاملہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا۔ بعد ازاں اجلاس میں ریلوے حکام کی طرف سے ریلوے اسٹیشنوں پر پینے کے صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹ پر بریفنگ دی گئی، رکن کمیٹی وسیم حسین نے بتایا کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کی صورتحال انتہائی خراب ہے، اس کا ایک وزٹ کرلیں۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ حیدرآباد اسٹیشن پر کل سے ہی کام شروع کروا دیتے ہیں، رکن کمیٹی نزہت صادق نے سوال کیا کہ ریلوے میں سفر کے دوران میڈیکل ایمرجنسی کے حوالے سے کیا صورتحال ہوتی ہے جس پر ریلویز حکام نے جواب دیا کہ اگر ٹرین میں کوئی میڈیکل ایمرجنسی ہوتی ہے تو ٹرین میں اسٹاف ہوتا ہے، ٹرین میں ہی فرسٹ ایڈ مہیا کردی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بڑے ریلوے اسٹیشن پر ہسپتال اور ڈاکٹر موجود ہوتے ہیں، ڈاکٹرز کے مشورہ کے بعد ہی مسافروں کو آگے سفر کی اجازت دی جاتی ہے۔ اجلاس میں رابطہ ایپ کے غیر مؤثر ہونے اور ریلوے میں ڈیجیٹلائزیشن کا ایجنڈا زیرِ بحث آیا جس پر حنیف عباسی نے بتایا کہ رابطہ ایپ پہلے زیادہ صحیح سے کام نہیں کررہی تھی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ ریلوے میں ڈیجیلائزیشن کے حوالے سے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی تھی، ایم پی اسکیل پر رابطہ ایپ کو موثر کرنے کے لیے افسران کی بھرتی کا عمل کیا جائے گا، آئی ٹی ٹیم کو جولائی تک کا وقت دیا ہے، 15 جولائی تک رابطہ ایپ ایکٹو ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے تمام گیسٹ ہاؤسز کو آؤٹ سورس کرنے جارہے ہیں، اس حوالے سے اخبارات میں اشتہار دے دیا ہے، معروف فرمز کو گیسٹ ہاؤسز آؤٹ سورس کریں گے۔