کراچی میں شوہر نے ناجائز تعلقات پر ناراض بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق کورنگی بلال کالونی میں خاتون کو شوہر نے مبینہ طور پر تیزاب پلا کر مار ڈالا، نور عائشہ نامی خاتون کو جمعرات کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ گئی، مقتولہ کے شوہر ایوب اور دیور رفیق پر تیزاب پلانے کا الزام ہے، پولیس نے مقتولہ کے والد علی اکبر کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
مقتولہ کے والد نے بتایا کہ بیٹی کی شادی 7 سال قبل ایوب نامی شخص سے ہوئی تھی، نور عائشہ کی دو کمسن بیٹیاں بھی ہیں۔ مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بیٹی کو تیزاب پلایا گیا اور مارا پیٹا گیا، داماد کے ناجائز تعلقات پر اکثر جھگڑے ہوتے تھے، بیٹی اکثر ناراض ہو کر میکے آجاتی تھی۔
مزید پڑھیں:کراچی میں خاتون کو قتل کر کے لاش سمندر میں پھینکنے والا مفرور ملزم گرفتار
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ 4 جولائی کو اطلاع ملی، بیٹی کو ہسپتال لے جایا گیا، بیٹی نے ہسپتال میں دم توڑ دیا، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں تیزاب پلانے کے شواہد ملے ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر باپ نے بیٹی کو قتل کردیا۔ واقعے کے بعد ملزم جائے وقوع سے فرار ہوگیا، پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ راولپنڈی میں تھانہ روات کے علاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں باپ نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل شہباز انجم کیانی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ملزم اخلاق نے بیٹی مہک شہزادی کو موبائل سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا کہا، تاہم بیٹی نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیا جس پر اخلاق نے طیش میں آکر غیرت کے نام پر بیٹی کو گولی مار کر قتل کردیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ملزم اخلاق احمد نے فساد فی الارض کا ارتکاب کیا ہے، فائرنگ کے بعد ملزم اخلاق احمد موقع سے فرار ہو گیا۔