کراچی کے علاقے کلفٹن میں گھریلو ملازمہ کے خلاف پانچ کروڑ روپے کی چوری کے مقدمے میں سٹی کورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں ملزمہ شہناز اور ملزم حماد کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
ملزم حماد کی درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ملزم کی درخواست پر فیصلہ کل کے لئے محفوظ کرلیا، عدالت نے ملزمہ شہناز کی درخواست پر وکلاء سے دلائل طلب کرلئے، ملزمہ کی درخواست پر جمعرات کو دلائل دیئے جائیں گے۔
پراسیکیوشن نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے مطابق مرکزی ملزمہ شہناز سے جیل میں تفتیش کی گئی، ملزمہ نے تقریبا 45 لاکھ روپے نقدی کی معلومات فراہم کیں، ملزمہ نے تین فلیٹ، ایک دکان، چار گاڑیوں اور چار موٹر سائیکلوں کی معلومات فراہم کیں ہیں۔
مزید پڑھیں:کراچی میں 5 کروڑ روپے کی چوری میں گرفتارملازمہ کا ملازم بھی گرفتارکرلیا گیا
چوری کی رقم سے خریدی گئی دو گاڑیاں اور تین موٹر سائیکلیں تاحال برآمد نہیں کی جاسکیں ہیں، ملزمہ نے چوری کی رقم سے پنجاب میں بھی ایک پراپرٹی خریدی جہاں ملازم اور رشتے دار رہتے ہیں، ملزمہ کے قبضے سے پانچ لاکھ پچھتر ہزار روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
پراسیکیوشن نے عدلت کو بتایا کہ ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس سے 37 لاکھ چالیس ہزار روپے برآمد کئے جاچکے ہیں، عدالت دو ملزموں آصف اور حماد کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج چکی ہے، ملزمہ شہناز کو بھی عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جاچکا ہے۔