محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، سول اداروں کی مددکیلئےفوج سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔
وزارت داخلہ نے اسلامی مہینےمحرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں چاروں صوبوں، جی بی اور آزادکشمیرمیں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی پولیس کا محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پلان جاری
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فوج تعینات کی جائے گی، محرم کے دوران سول اداروں کی مدد کیلئے فوج سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔فوج کی تعیناتی کا مقصد ممکنہ سیکیورٹی خطرات سے نمٹنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، فوج کے دستے حساس علاقوں میں گشت کریں گے اور حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔
دوسری جانب کراچی میں پولیس نے کہا ہے کہ مجالس پر4605، جلوسوں پر7004جبکہ انتہائی حساس مقامات،امام بارگاہوں پر1660افسران اور اہلکار فرائض انجام دینگے اور ٹریفک پولیس کے1100افسران اور اہلکار محرم الحرام میں فرائض انجام دینگے۔