کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں کارشوروم کے مالک محمد سالک کے گھر سے ڈاکوؤں نے 13 کروڑ روپے نقد اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
واقعہ 25 اور 26 جون کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے پیش آیا جب پانچ ملزمان نے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی۔ ملزمان نے ایف آئی اے کے یونیفارم جیسے کپڑے پہن رکھے تھے اور ان کی شرٹ پر ایف آئی اے کا مونوگرام بھی چسپاں تھا۔
ڈکیتی میں 13 کروڑ روپے نقد رقم کے علاوہ 9 قیمتی موبائل فونز، 20 گھڑیاں، ایک اسمارٹ واچ، 25 قیمتی پرفیوم، 2 لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ لیا گیا۔
مزید پڑھیں؛نارتھ ناظم آباد میں نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج
متاثرہ محمد سالک نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ رات گئے گھر پہنچے تو ایک سیاہ رنگ کی ریوو گاڑی نے ان کی گاڑی کے آگے روک دی۔ گاڑی سے اترنے والے ملزمان نے پستول دکھا کر انہیں گھر میں لے گئے اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
فیروز آباد پولیس نے مقدمہ نمبر 25/678 درج کر لیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ایک منظم گروہ کی کارروائی ہے جس نے اپنے کپڑوں پر ایف آئی اے کا مونوگرام چسپاں کر رکھا تھا۔