محکمہ موسمیات نے 25 جون سے 28 جون تک کراچی سمیت صوبہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ طوفانی ہواوں اور تیز بارش کی پیش گوئی کےبعد پاکستان ائر پورٹ اتھارٹی نے کراچی ائر پورٹ پر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو جہازوں اور املاک کو بچانے کے لئےحفاظتی انتظامات کی ہدایت جاری کردی۔
تیز ہوا چھوٹے اور ہلکے طیاروں کو نقصان پہنچا سکتی ہے اس لئے ہلکے طیاروں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے یا باندھنے کے انتظامات کئے جائیں ،تمام بیکن لائٹس اور پولز کو محفوظ اور مکمل طور پر فعال رکھنے، بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کو ختم کرنے اور ایئر فیلڈ لائٹنگ ٹیم کو روشنیوں کی درستگی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ائر پورٹ اتھارٹی کےمطابق مون سون کے دوران ایئرپورٹ پر کیڑوں کی افزائش کی وجہ سے پرندوں کی سرگرمی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ جو پروازوں سے ٹکرا کر حاڈچے کاسبب بن سکتے ہیں ۔اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایئر سائیڈ پر انسپکٹرز اور برڈ کنٹرول اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی ہے ۔
حکام نے کھلی اشیاء اور ساز و سامان کو محفوظ انداز میں باندھنے یا ذخیرہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ شدید موسم میں نقصان سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ کےمطابق بارشوں کے دوران ایئرپورٹ آپریشنز کو محفوظ اور بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان انتظامات کےعلاوہ بارش کےدوران ایئر ٹریفک کنٹرول مسلسل موسمی حالات کی نگرانی کرتا ہے اور پائلٹس کو کسی بھی خطرے سے آگاہ کرتا ہے۔ بارشوں کی صورت میں پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کی جا سکتی ہے۔