Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران، اسرائیل کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال

Asim Munir and Trump Emphasized Resolution Iran Israel Conflict

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، اسرائیل تنازع کے پُر امن حل پر زور دیا ہے، ملاقات کے دوران ایران، اسرائیل کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، اعلیٰ سطح کی یہ ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے دوران ہوئی، جس کے بعد اوول آفس کا دورہ بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے امور کے لیے امریکی خصوصی نمائندے مسٹر اسٹیو وٹکوف موجود تھے جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ پاکستان کے مشیرِ قومی سلامتی بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے حالیہ علاقائی بحران میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری پر صدر ٹرمپ کے تعمیری اور نتیجہ خیز کردار پر دلی شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی سطح پر درپیش پیچیدہ چیلنجز کو سمجھنے اور حل کرنے کی صدر ٹرمپ کی بصیرت اور قیادت کو سراہا۔

صدر ٹرمپ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعاون کو سراہا، فریقین نے انسداد دہشت گردی کے میدان میں تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:ہم صیہونیوں پر رحم نہیں کریں گے، سخت جواب دیں گے: آیت اللّٰہ خامنہ ای

بات چیت میں تجارت، اقتصادی ترقی، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی، کرپٹو کرنسی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ ایک طویل المدتی اسٹریٹجک ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی مفاد پر مبنی تجارتی شراکت داری قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مسئلے کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ نے موجودہ پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور فیصلہ کن کردار کی تعریف کی، ملاقات کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو باہمی طور پر موزوں تاریخ پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اگرچہ ملاقات ایک گھنٹے کے لیے طے تھی، تاہم یہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی، جو اس مکالمے کی گہرائی اور دوستانہ ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف پر قائم ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button