وزارت داخلہ نے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر دوسرے ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانیوں پر اگلے پانچ سال تک بین القوامی سفر کی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ڈی پورٹ کئے جانے والے ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے ، انکے پاسپورٹ ضبط کرنے اور انکا نام کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس فیصلے کا اطلاق تمام ممالک سے ڈی پورٹ کئے جانے والے پاکستانیوں پرہوگا ۔
ترجمان وزرت خارجہ کے مطابق ’یہ فیصلہ بیرون ملک غیر قانونی طور پر سفر کی روک تھام کے لیے کیا جا رہا ہے۔ جسکا اطلاق فوری طور پر کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔ کمیٹی پاسپورٹ قوانین میں مزید بہتری لانے کے لیے تجاویز بھی فراہم کرے گی جن پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کی زد میں وہ افراد نہیں آئیں گے جو خود جعلی ویزوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ وزارت داخلہ حکام کے مطابق صرف ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو جان بوجھ کر اس فراڈ کا حصہ بنتے ہیں۔ ایسے افراد بھی اس قانون کی زد میں نہیں آئیں گے ۔جن کا ویزہ درست ہے لیکن کسی اور وجہ سے انہیں ڈی پورٹ کیا گیا ہو۔
بین القوامی قوانین کے ماہرین کے مطابق’پوری دنیا میں امیگریشن قوانین میں سختی آ رہی ہے، اور خاص طور پر مغرب اس بارے میں اب بہت متحرک ہو چکا ہے۔ اس لیے بھی ترقی پذیر ممالک کو اپنے قوانین ان کی منشا کے مطابق تبدیل کرنا پڑ رہے ہیں۔