سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔
مسجد الحرام میں نمازِ عید کی امامت حرمین شریفین کے امام نے کی جبکہ مسجد نبوی میں بھی بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوئے۔ نماز کے خطبات میں امت مسلمہ کے اتحاد، عالم اسلام کی ترقی، اور فلسطین سمیت مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مزید پڑھیں؛16 لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں، سعودی میڈیا
ادھر حجاج کرام مزدلفہ سے منیٰ پہنچ چکے ہیں جہاں وہ حج کے اہم رکن رمی جمرات کی ادائیگی کرتے ہوئے بڑے شیطان کو کنکریاں مار رہے ہیں۔ اس کے بعد قربانی، حلق یا قصر اور احرام کی حالت ختم کرنے کے مناسک ادا کیے جا رہے ہیں۔ طوافِ زیارت اور سعی کے بعد حج مکمل ہوگا۔
سعودی حکام کے مطابق حجاج کرام کی سہولت و سلامتی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وزارت حج و عمرہ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں نے مشاعر مقدسہ میں مربوط آپریشن ترتیب دیے ہیں۔ رائل سعودی فورسز کے ہیلی کاپٹرز فضائی نگرانی پر مامور ہیں جبکہ ہزاروں اہلکار ٹریفک، صفائی، صحت، رہنمائی اور سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
پاکستان میں بوہری برادری نے عید منائی
پاکستان میں بوہری برادری نے آج عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی۔ کراچی میں مختلف علاقوں جیسے صدر، حیدری، بلوچ کالونی اور برنس روڈ کی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خطبہ عید میں علمائے کرام نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا اور سنتِ ابراہیمی کی اہمیت اجاگر کی۔ نماز کے بعد قربانی کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔