کراچی میں رواں سال کے ابتدائی 151 دنوں کے دوران کراچی میں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 379 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 5503 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار چھیپا فاونڈیشن سے حاصل کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 292 مرد، 40 خواتین، 37 بچے اور 10 بچیاں شامل ہیں۔ زخمیوں میں 4379 مرد، 809 خواتین، 242 بچے اور 73 بچیاں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں؛قانونی پیچیدگیوں کا خوف بے بنیاد ہے، زخمیوں کی مدد کریں، آئی جی سندھ کی اپیل
چھیپا فاوئڈیشن کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے ہلاکتوں کی تعداد بھی تشویشناک ہے۔ اب تک 151 روز میں ڈمپر کی ٹکر سے 26 افراد، ٹریلر کی ٹکر سے 49، واٹر ٹینکر سے 26، مزدا سے 10 اور بس سے 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس طرح صرف ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 122 بنتی ہے۔
ٹریفک حادثات میں ہونے والی ان اموات اور زخمیوں کی بلند شرح نے شہریوں کے لیے سڑکوں پر سفر کو خطرناک بنا دیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی توجہ اور بروقت اقدامات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔