پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 2025ء کے قبل از حج آپریشن کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ خصوصی آپریشن 29 اپریل کو شروع ہوا تھا اور 31 مئی کی شب اختتام پذیر ہوا۔
اس دوران پی آئی اے نے مجموعی طور پر 147 حج پروازیں آپریٹ کیں جن کے ذریعے 42,400 عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیا۔ ان میں 35,000 سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے حجاج، 4,000 پرائیویٹ اسکیم کے حجاج، اور دیگر ائیرلائنز سے رہ جانے والے 3,000 سے زائد عازمین شامل تھے، جنہیں ملکی فضائی حدود کی بندش کے دوران پی آئی اے نے سفری سہولت فراہم کی۔
مزید پڑھیں؛ فضائی حدود کی بحالی کے بعد حج پروازیں بحال، عازمین کیلئے خصوصی انتظامات
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پروازوں کی وقت کی پابندی قابلِ تحسین رہی، اور 90 فیصد سے زائد پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہوئیں۔ قومی ایئرلائن نے اس دوران اپنے آپریشنز کو مؤثر انداز میں منظم کیا اور حجاج کرام کو سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن ان شاء اللہ 10 جون 2025 سے شروع ہو گا، جس کے تحت حجاج کرام کو سعودی عرب سے وطن واپس لایا جائے گا۔