پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، اور اب تمام حج پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران فلائٹ آپریشن کی وقتی بندش کی وجہ سے مجموعی طور پر 10 حج پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں لاہور سے 3، اسلام آباد سے 2، کراچی اور ملتان سے ایک، ایک پرواز شامل ہے۔
مزید پڑھیں؛پی آئی اے کا حج آپریشن 2025 کے شیڈول کا اعلان، پہلی پرواز کب روانہ ہوگی؟
اس تعطل کے باعث 2 ہزار 290 عازمین حج متاثر ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 277 عازمین کو خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ کیا جا چکا ہے، جبکہ بقیہ 1,013 عازمین کو بھی جلد ہی روانہ کر دیا جائے گا۔
اب تک 19 ہزار 669 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، وزارت نے حاجیوں کو ہدایت دی ہے کہ پروازوں کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے قریبی حاجی کیمپ سے رابطے میں رہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اور حکومت اس کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دینا چاہتی، اس لیے فلائٹ شیڈول میں شفافیت اور سہولت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔