حکومتِ پاکستان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ان کی اعلیٰ عسکری قیادت، جرأت اور جنگی حکمتِ عملی کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم پاکستان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ قوم حال ہی میں ایک کٹھن مرحلے سے گزری، جب 6 اور 7 مئی 2025 کی رات بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی۔ بھارتی حملے میں پاکستان کی سول آبادی، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جب کہ دشمن نے ملک کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی۔
وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے انتہائی مشکل حالات میں پاک فوج کی شاندار قیادت کی۔ ان کی قیادت میں مسلح افواج نے مکمل ہم آہنگی اور غیر معمولی حکمتِ عملی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا۔ کابینہ نے اتفاق رائے سے وزیرِاعظم کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔
ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ
وزیراعظم نے اس فیصلے پر صدرِ مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں کابینہ کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ وفاقی کابینہ نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فوج کے افسران، جوانوں، شہداء، غازیوں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عام شہریوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔
وزیراعظم نے پوری قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کے قومی وقار اور اتحاد کی ایک شاندار مثال ہے۔